Nov ۱۰, ۲۰۱۸ ۱۲:۵۶ Asia/Tehran
  • شہباز شریف کی پیشی پرکارکنوں اور پولیس میں جھڑپیں

نیب نے آج صبح رمضان شوگر ملز کیس میں بھی شہباز شریف کی گرفتاری ظاہر کردی جبکہ احتساب عدالت نے انہیں مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا ہے۔

نیب حکام نے آشیانہ اقبال کرپشن اسکینڈل میں گرفتار شہباز شریف کو احتساب عدالت میں پیش کیا اور جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست کی تاکہ مزید تفتیش کی جاسکے۔ عدالت نے شہباز شریف کا 14 روزہ ریمانڈ منظور کرکے نیب کی تحویل میں رکھنے کا حکم دیا۔

علاوہ ازیں قومی احتساب بیورو (نیب) نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو ایک اور کیس میں گرفتار کرلیا، نیب نے شہباز شریف کی رمضان شوگر ملز کیس میں گرفتاری ظاہر کی۔ وکیل نیب وارث علی جنجوعہ کا کہنا تھا کہ رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف کی گرفتاری آج صبح ظاہر کی گئی۔

در ایں اثنا آج پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئےتھے، پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی اور راستے کنٹینرزلگا کر بند کردیے گئےتھے تاہم اس کے باوجود مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے احتساب عدالت پہنچنے کی کوشش کی لیکن پولیس نے انہیں آگے جانے سے روک دیا جس پر دونوں کے درمیان تصادم اور جھڑپیں ہوئیں۔ لیگی کارکنوں نے شدید احتجاج اور نعرے بازی کی جب کہ پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا۔

آگے جانے سے روکنے پر خواتین سمیت لیگی کارکنوں نے سیکرٹریٹ چوک میں دھرنا دیا۔

 

ٹیگس