مولانا فضل الرحمان نے کیا حکومت کے خلاف علم بغاوت بلند
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک پر مسلط کئے گئے جعلی مینڈیٹ کو عوام نے مسترد کردیا ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے تحت منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جعلی حکمرانوں کو قوم پر مزید مسلط نہیں ہونے دیں گے ہمارا قافلہ چلتا رہے گا جس کا اختتام اسلام آباد میں ہو گا جو حکمرانوں کا تختہ الٹ کر رکھ دے گا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک پر مسلط کئے گئے جعلی مینڈیٹ کو عوام نے مسترد کردیا ہے ہم نے پہلے بھی جعلی حکمرانوں کو اور جعلی مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کیا اگر دوبارہ مینڈیٹ چرانے کی کوشش کی گئی تو تمہارا حشرماضی کے حکمرانوں سے بھی بدترہوگا۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہا کہ جب سے یہ حکومت آئی ہے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں ہورہی ہیں، پی ٹی آئی کےرکن نے بھی پارلیمنٹ میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بات کی، اسرائیل کوتسلیم کرنے کی بات کامطلب فلسطینی سرزمین پراسرائیلی قبضہ تسلیم کرناہے جب کہ عمران خان کی حکومت پر اسرائیل میں جشن منایا گیا، پہلی بار تل ابیب سے طیارہ عمان میں رکنے کے بعد اسلام آباد آتاہے یہ اسرائیلی طیارہ خفیہ کیوں آیا؟ دال میں کچھ کالا نہیں دال ہی کالی ہے۔