Mar ۲۷, ۲۰۱۹ ۰۹:۱۱ Asia/Tehran
  • کوئٹہ میں سرعام ٹارگٹ کلنگ لمحہ فکریہ

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سریاب روڈ پر سرعام ٹارگٹ کلنگ کی واردتیں لمحہ فکریہ ہیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی  نےسید حسین شاہ کی ٹارگٹ کلنگ میں شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا، پے در پے واقعات کے باوجود کوئٹہ انتظامیہ سے ایک سریاب روڈ پر سکیورٹی رٹ قائم نہ ہو سکی، دہشتگرد بلاخوف و خطر سڑکوں پر چوکیوں کے باوجود اسلحہ سے لیس پھرتے ہیں۔ اپنے مذمتی بیان میں علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ کہا جا رہا ہے کہ بلوچستان میں کوئی نوگو ایریا نہیں رہا، لیکن دیکھنے میں یہ آیا کہ آئے روز صوبائی دارالحکومت میں دہشتگرد کسی نہ کسی شہری کو خون میں نہلا کر با آسانی فرار ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں موجود جا بجا چوکیاں صرف شہریوں کو تنگ کرنے اور مال بردار گاڑیوں سے بھتہ لینے کا کارنامہ سرانجام دے رہی ہیں۔

علامہ احمد اقبال نے بلوچستان حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سید حسین شاہ کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور شہید کے خاندان کی مالی سرپرستی کی جائے۔

واضح رہے کہ کل کوئٹہ کے علاقے دکانی بابا پل کے قریب ایک گاڑی پر موٹر سائیکل سوار  مسلح دہشتگردوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار بلوچستان یونیورسٹی کے شعبہ امتحانات کے سپرنٹنڈنٹ حسین شاہ جاں بحق ہو گئے۔

ٹیگس