Apr ۱۲, ۲۰۱۹ ۱۴:۴۱ Asia/Tehran
  • کوئٹہ بم دھماکے میں جانی نقصان میں اضافہ

پاکستان کے شہر کوئٹہ میں بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد سولہ ہو گئی ہے۔

پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق جمعے کی صبح کوئٹہ کی فروٹ اور سبزی منڈی میں بم کا شدید دھماکہ ہوا۔

تازہ اطلاع کے مطابق اس دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر سولہ ہو گئی ہے۔ بم کے اس دھماکے میں تیس افراد زخمی بتائے جاتے ہیں جن میں سے بعض کی حالت نازک ہے۔
ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کے مطابق اس دھماکے میں جان بحق ہونے والوں میں آٹھ افراد کا تعلق کوئٹہ کی شیعہ ہزارہ برادری سے ہے۔ دھماکے میں ایف سی کا ایک اہلکار بھی ہلاک اور چار زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق دھماکہ خیز مواد آلو کی بوری میں تھا اور لوڈنگ کے دوران دھماکہ ہوا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس سے قریب کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔
یاد رہے کہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے صدر مقام کوئٹہ میں شیعہ ہزارہ برادری آئے دن دہشت گردانہ حملوں کا نشانہ بنتی رہتی ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں بارہا زائرین کی بسوں پر بھی حملے ہو چکے ہیں۔
پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں مختلف تکفیری دہشت گرد گروہ سرگرم ہیں جن میں جماعت الاحرار، سپاہ صحابہ اور لشکر جھنگوی کا نام لیا جا سکتا ہے۔

 

ٹیگس