May ۰۲, ۲۰۱۹ ۰۷:۲۴ Asia/Tehran
  • پاکستان میں افغان ناظم الامور دفترخارجہ میں طلب

دفتر خارجہ نے پاکستان میں تعینات افغان ناظم الامور کو طلب کرکے افغان سرزمین ملک کے خلاف استعمال ہونے اور دہشت گرد حملے میں 3 پاکستانی فوجی اہلکاروں کی ہلاکت پر بھرپور اجتجاج کیا۔

پاکستانی دفترخارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق شمالی وزیرستان میں افغان سرحد سے آنے والے دہشت گردوں کا پاک فورسز پر حملے اور 3 سپاہیوں کی ہلاکت پر پاکستان نے اسلام آباد میں تعینات افغان ناظم الامور کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا اور پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کے استعمال ہونے پر بھی جواب طلب کیا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق افغان ناظم الامور کو احتجاجی مراسلہ بھی دیا گیا، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 30 اپریل اور یکم مئی کی درمیانی شب 70 سے 80 دہشت گردوں نے افغانستان کے ضلع گیان اور برمل سے سرحد عبور کی اور شمالی وزیرستان میں سرحدی باڑ لگانے والے سیکیورٹی اہلکاروں پر حملہ کیا، حملے میں 3 پاکستانی فوجی ہلاک اور 7 زخمی ہوئے۔

پاک فوج کی جوابی کارروائی میں متعدد دہشت گرد ہلاک اور بہت سے دہشت گرد واپس افغانستان فرار ہوگئے۔

ٹیگس