بلوچستان، سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 5 دہشت گرد ہلاک
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع خضدار اور کیچ میں 2 مختلف آپریشنز میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔
پاکستانی حکام کے مطابق خضدارکی تحصیل نال کے علاقے بندرنگ گریشہ میں پہاڑی مقام پر کالعدم علیحدگی پسند تنظیم کے ارکان کی موجودگی کی اطلاع پر حساس اداروں نے آپریشن کیا۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیا تو ان کی کالعدم تنظیم کے مسلح ارکان سے جھڑپ ہوئی۔ کئی گھنٹوں کی فائرنگ کے بعد تین دہشت گرد مارے گئے۔ کارروائی کے دوران اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
حکام کے مطابق مارے گئے دہشت گرد عام شہریوں اور سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں پر بم حملوں اور ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث تھے۔
دوسری جانب کیچ (تربت) میں بھی ایف سی اور حساس ادارے نے آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ یہ آپریشن تربت سے تقریباً ایک سو تیس کلومیٹر دور بالگتر میں کیا گیا۔