نواز شریف آج افطار جیل میں کریں گے
پاکستان کے نا اہل ہونے والے وزیراعظم نواز شریف آج افطار جیل میں کریں گے۔
پاکستان کے نا اہل ہونے والے وزیراعظم نواز شریف ضمانت کی مدت ختم ہونے پر آج شام 6 بجے سے پہلے کوٹ لکھپت جیل منتقل ہو جائیں گے اور وہ پہلا روزہ جیل میں ہی افطار کریں گے۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی سی او لاہور کی جانب سے لیگی رہنماؤں کو نئے فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے کہ نواز شریف 7 مئی شام 6 بجے سے پہلے کوٹ لکھپت جیل میں پہنچ جائیں۔
جیل ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو آگاہ کیا گیا ہے کہ جیل قوانین پر عمل کیا جائے گا، نواز شریف لاک اپ بند ہونے سے پہلے جیل پہنچیں، جیل میں انہیں نیا قیدی نمبر الاٹ کیا جائے گا۔
ادھر مسلم لیگ ن کے پروگرام کے مطابق نواز شریف افطاری کے بعد جاتی امرا سے جیل کیلئے روانہ ہوں گے۔ لیگی رہنما اور کارکن نواز شریف کے ہمراہ ریلی کی صورت میں ہوں گے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 26 مارچ کو نواز شریف کی طبی بنیادوں پر 6 ہفتوں کے لیے عبوری ضمانت منظور کی تھی جس کے بعد سابق وزیراعظم کی ضمانت کی مدت آج7 مئی کو ختم ہورہی ہے۔