May ۱۵, ۲۰۱۹ ۱۱:۱۳ Asia/Tehran
  • مبین صولت کے بیان میں کوئی صداقت نہیں: پاکستانی سفیر

ایران میں تعینات پاکستانی سفیر نے عرب نیوز کی خبر کی سختی سے تردید کی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران میں تعینات پاکستان کی سفیرمحترمہ رفعت مسعود نے تہران میں سحر اردو ٹی وی کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے پاک ایران گیس منصوبے کے خلاف عرب نیوز کی خبر کو جھوٹ پر مبنی اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔

پاکستانی سفیرکا کہنا تھا کہ پاکستان کے انٹر اسٹیٹ گیس سسٹمز کے مینیجنگ ڈائریکٹر مبین صولت کا بیان من گھڑت جبکہ عرب نیوز کی یہ خبر جھوٹی ہے، جس کی کوئی ویلیو نہیں ہے۔ پاکستانی سفیر نے اس بات پر تاکید کی کہ مبین صولت نے اس سلسلے میں سرے سے کوئی گفتگو کی ہی نہیں ہے۔ خبر کی حقیقت کا سرے سے انکار کرتے ہوئے محترمہ رفعت مسعود نے کہا کہ اس وقت پاک ایران تعلقات بہت تیزی سے بہتری کی سمت گامزن ہیں اور پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے دورہ ایران کے مثبت نتائج بہت جلد آنا شروع ہو جائیں گے۔

 یاد رہے کہ پاکستان کے مختلف اخبارات نے عرب نیوز کے حوالے سے ایک رپورٹ شائع کی تھی، جس میں پاکستان انٹر اسٹیٹ گیس سسٹمز کے مینیجنگ ڈائریکٹر صولت مبین کی مبینہ گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے اس بات کو اچھالنے کی کوشش کی گئی تھی کہ امریکی پابندیوں کے پیش نظر پاکستان نے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر کام جاری رکھنے سے انکار کیا ہے اور اس سلسلے میں ایران کو تحریری طور پرآگاہ بھی کر دیا گیا ہے۔ ایرانی میڈیا نے عرب نیوز کی اس جھوٹی خبر پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان، عرب نیوز کی اس خبر کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر ایران کو پاکستان کے سرکاری موقف سے آگاہ کرے۔

 

ٹیگس