پاکستان: 2 دہشتگرد ہلاک 2 فرار
پاکستان میں دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسسز کی فائرنگ میں 2 دہشتگرد ہلاک جبکہ دو فرار ہوگئے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق دہشت گرد ایک پک اپ گاڑی میں پیٹرول اور بارود سمیت کوئٹہ ائیرپورٹ کے قریب حساس علاقے میں داخل ہونے کی کوششں کر رہے تھے، پولیس چوکی پر انہیں روکنے کی کوششں کی گئی تو دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔
جوابی فائرنگ میں دو دہشت گرد ہلاک جبکہ دو رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے، ہلاک دہشت گردوں کی لاشوں کو قبضہ میں لے کر ان کی شناخت کی جارہی ہے۔
دوسری جانب سیالکوٹ میں انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے دو دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
دہشتگردوں کے قبضہ سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد، سیفٹی فیوز اور ڈیٹونیٹر بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے اور وہ تخریب کاری کیلئے حاجی پورہ میں رکے ہوئے تھے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گردوں کی شناخت حافظ محمد ابوبکر اور حافظ محمد یوسف کے نام سے ہوئی ہے۔ دہشتگردوں سے 410 گرام دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔