پاکستان میں اس بار بھی دو عیدیں
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں آج عید کا اعلان ہونے کے ساتھ پاکستان میں دو عیدیں منانے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان میں ایک بار پھر دو عیدیں منائی جا رہی ہیں، پشاور میں مسجد قاسم علی خان کی مقامی رویت ہلال کمیٹی نے عید کا چاند نظر آنے اور منگل کوعید الفطر کا اعلان کیا ہے۔
مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیر صدارت مقامی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں چاند کی شہادتیں وصول کی گئیں اور مبینہ شہادتیں موصول ہونے کے بعد مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی صدارت میں مقامی کمیٹی نے شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے پورے ملک میں ایک دن عید اور رمضان کے لیے مقامی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا چیرمین بنانے کی تجویز دی ہے۔
مسجد قاسم علی خان کے آج عید الفطر منانے کے اعلان کے بعد خیبر پختونخوا حکومت نے بھی عید منانے کا اعلان کیا۔
وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ محمود خان نے عید منانے کا فیصلہ قبائلی اضلاع کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے کیا تاکہ انضمام کے بعد پورے صوبے بشمول قبائلی اضلاع میں ایک ہی دن عید منائی جائے، گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان اور وزیر اعلیٰ محمود خان پشاور میں عید منائیں گے۔