پاکستان میں فائرنگ اورخودکش دھماکہ 9 ہلاک 22 زخمی
ڈی آئی خان میں فائرنگ کے بعد خودکش بم دھماکے میں 6 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 9 افراد ہلاک ہو گئے۔
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے شہرڈیرہ اسماعیل خان کے قریب کوٹلہ سیداں میں دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا، فائرنگ کی زد میں آ کر 2 اہلکار ہلاک ہو گئے
فائرنگ کے بعد پولیس اہلکاروں کی لاشیں ڈسٹرکٹ اسپتال لائی گئیں تو اسپتال کے ٹراما سینٹر کے گیٹ پردھماکا ہوگیا ۔ جس کے نتیجے میں مزید 4 پولیس اہلکاراور 3 عام شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ بڑی تعداد میں زخمیوں کے باعث کئی کو کمبائن ملٹری اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ سی ایم ایچ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال میں 22 زخمی لائے گئے ہیں۔
واقعے کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جب کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں کی بڑی تعداد علاقے میں تعینات کردی گئی ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے مزید دھماکا خیز مواد کی موجودگی کے خطرے کے پیش نظر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ کوٹلہ سیداں کے قریب پولیس چیک پوسٹ پر اہلکار معمول کی ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے کہ موٹرسائیکل پر سوار 2 دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر اندھا دھند فائرنگ کر دی ، واردات کے بعد دہشتگرد فرار ہو گئے تاہم سکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے دہشتگردوں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
ڈی پی او کے مطابق ہسپتال کے گیٹ پر ہونے والا آئی ای ڈی دھماکہ تھا۔ ڈی پی او کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 7 سے8 کلو گرام بارودی مواد استعمال ہوا، مزید تحقیقات جاری ہیں۔