اسلام آباد کے حالات خراب، 3 رینجرز اہلکار جاں بحق، فوج طلب، ملکی و غیرملکی پروازیں منسوخ
پی ٹی آئی احتجاج اور راستوں کی بندش کے باعث ملکی و غیرملکی پروازیں منسوخ ہو گئیں اور ہر گذرتے وقت کے ساتھ کشیدگی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں سری نگر ہائی وے پر چند افراد نے رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھا دی جس کے نتیجے میں 3 رینجرز اہلکار جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اسلام آباد میں فوج کو طلب کرلیا گیا اور شرپسندوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ شرپسندوں کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 5 اہلکار جاں بحق ہوئے جن میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
حادثے کے نتیجے میں 3 رینجرز اور ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، مجموعی طور پر اب تک 100 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہو چکے ہیں جن میں متعدد شدید زخمی ہیں۔
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے سری نگر ہائی وے پر شرپسندوں کی جانب سے گاڑی سے کچلے گئے رینجرز اہلکاروں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نام نہاد پر امن احتجاج کی آڑ میں پولیس و رینجرز کے اہلکاروں پر حملے قابل مذمت ہیں۔ انہوں نے واقعے میں ملوث افراد کی فوری نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی۔
پی ٹی آئی کے احتجاج اور حکومت کی جانب سے احتجاج کو ناکام بنانے کے لیے راستوں کی بندش سے اسلام آباد کی 5 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق کراچی اور کوئٹہ سے اسلام آباد کی پروازیں پی کے 326 اور 310 جبکہ کراچی اور اسلام آباد کی پی آئی اے کی پرواز پی کے 369 کو بھی منسوخ کر دیا گیا۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق دبئی، اسلام آباد اور عمان کی خصوصی پروازیں آر جے 71 اور آر جے 72 کو بھی منسوخ کر دیا گیا۔
اس کے علاوہ آپریشنل وجوہات کی بناء پر مختلف ایئر لائنز کی 28 پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔