پاکستان کی جوہری پالیسی تبدیل نہیں ہوئی: ترجمان دفتر خارجہ
پاکستان کےترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی نیوکلیئر پالیسی تبدیل نہیں ہوئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں پاکستانی ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ دو جوہری ریاستوں کے درمیان تنازعہ کے تناظر میں پاکستان کے نکتہ نظر سے متعلق وزیراعظم کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جا رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دو جوہری ممالک کے درمیان تنازعہ نہیں ہونا چاہیے، پاکستان کی نیوکلیئر پالیسی تبدیل نہیں ہوئی۔
واضح رہے کہ کشمیر کے مسئلہ پر ہندوستان کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کل پیر کے روز کہا تھا کہ ان کا ملک پڑوسی ملک کے خلاف جوہری ہتھیارکے استعمال میں پہل نہیں کرے گا۔
عمران خان نے کہا کہ ہم دونوں ( ہندوستان اور پاکستان) ایٹمی ہتھیاروں سے لیس ممالک ہیں اور اگر کشیدگی بڑھتی ہے تودنیا خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
قابل غور ہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے والے آرٹیکل 370 اور 35-اے کے ختم کئےجانے اور ریاست کو دو حصوں میں تقسیم کئے جانے کے حکومت ہند کے پانچ اگست کے فیصلے پر پاکستان نے سخت اعتراض و احتجاج کیا ہے۔