عالمی برادری کی بے حسی پر عمران خان کی تنقید
پاکستان کے وزیر اعظم نے عالمی برادری کی بے حسی پر کڑی تنقید کی ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں دنیا کے سامنے ہیں لیکن اس کے باوجود عالمی برادری خاموش ہے۔ کیا مسلمانوں پر مظالم کے وقت عالمی برادری کی انسانیت دم توڑ جاتی ہے، عالمی برادری اس رویے سے دنیا کے 1 ارب 30 کروڑ مسلمانوں کو کیا پیغام دے رہی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے محاصرے کا 32 واں دن ہے، اس محاصرے کی آڑ میں پیلٹ گنوں سے کشمیری مردوں ، خواتین اور بچوں کو گولیاں مار ی جا رہی ہیں،کشمیری مردوں کوحراست میں لے کرجیلوں میں ڈالا جارہا ہے، کشمیر میں ادویات اور اشیائے ضروریہ کی شدید قلت ہے، وادی میں مواصلاتی بلیک آوٹ کے باعث کشمیری اپنی اہل خانہ اور بیرونی دنیا سے کٹے ہوئے ہیں لیکن اس کے باوجود عالمی برادری خاموش ہے۔
واضح رہے کہ اس وقت فلسطین، یمن، افغانستان اور کشمیر سمیت عالمی سطح پر مسلمانوں کو گوناگوں مسائل و مشکلات اور چیلنجوں کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود عالمی ادارے خاموش ہیں۔