Sep ۱۶, ۲۰۱۹ ۰۷:۱۸ Asia/Tehran
  • اسلام آباد لاک ڈاؤن کی تیاریاں

مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام نے فیصلہ کیا ہے کہ حکومت کے خلاف اسلام آباد لاک ڈاؤن کی تاریخ کا تعین دونوں جماعتیں مل کر کریں گی۔

اسلام آباد میں دھرنے کے معاملے پر جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نےماڈل ٹاؤن میں ایک وفد کے ہمراہ مسلم لیگ (ن)  کے صدرمیاں شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال اور اسلام آباد میں دھرنے اور دیگر امور پر غور کیا گیا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ دونوں قائدین نے آزادی مارچ سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے، کشمیر پر حکومت کے اقدامات پریشان کن ہیں، مہنگائی نے 20 سال کی بلند ترین سطح کو چھولیا ہے، تاجر، صنعت کار اور کسان سب پریشان ہیں، اسی طرح حکومت نے گورننس کا بدترین بحران پیدا کردیا ہے۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ آج پاکستان کے بارے میں دنیا فکرمند ہے اس حکومت کا مزید برسر اقتدار رہنا سلامتی کے خطرات پیدا کرے گا، آزادی مارچ سے متعلق مسلم لیگ (ن) کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ ہوگا جس کے بعد سفارشات نواز شریف کو بھیجی جائیں گی بعد ازآں مشترکہ طور پر آزادی مارچ میں شرکت کا فیصلہ ہوگا۔ اس موقع پراکرم درانی نے کہا کہ ہم ساری جماعتوں کے پاس جارہے ہیں، مشترکہ طور پر آزادی مارچ کو چلائیں گے اور اکٹھے مل کر تاریخ کا تعین کریں ۔

ٹیگس