مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا اقوام متحدہ کی ناکامی ہے: عمران خان
عمران خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل نہ کیا تو یہ اقوام متحدہ کی مکمل ناکامی ہوگی۔
ایشیا سوسائٹی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام کو کرنا چاہیے، خطے میں جنگ ہوئی تو صرف تیل کی قیمت میں اضافہ ہی غربت بڑھا دے گا اس لئے کشمیر کی صورتحال میں یہی ایکشن لینے کا وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے اسلامی دہشت گردی جیسے الفاظ استعمال کر رہا ہے، پاکستان اور ہندوستان کو چاہیے کہ وہ کشمیریوں کو آزادانہ فیصلے کی اجازت دیں۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ پر نظر ڈالیں تو تمام جنگیں غلط حساب کتاب کی وجہ سے ہوئیں، افغانستان کی جنگ کے بارے میں خیال کیا گیا تھا چند ہفتے چلے گی، میں جنگ کی دھمکی نہیں دے رہا، دنیا کو صورتحال سے خبردار کر رہا ہوں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کرفیو ہٹنے کے بعد پاک و ہند کے درمیان کشیدگی بڑھ سکتی ہے، کشمیر میں خونریزی ہوئی تو پاکستان میں بھی صورتحال خراب ہوگی، کشمیر کی صورتحال اُجاگر کرنے کے لیے میں نے ہر ممکن کوشش کی۔
انہوں نے دعوی کیا کہ ہندوستان میں رہنے والے کروڑوں مسلمانوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے، عالمی برادری کو کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر بھی توجہ دینی چاہیے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ دنیا میں منی لانڈرنگ روکنے کے لیے سخت قوانین کی ضرورت ہے، خطے میں امن سے دنیا کی بڑی کمپنیز سرمایہ کاری کے لیے تیار ہوں گی، نائن الیون کے بعد پاکستان میں سیاحت کا شعبہ شدید متاثر ہوا، پاکستان میں ہم نے مسلح تنظیموں کے خلاف کارروائی کی ہے۔