ہرمسلمان ختم نبوت کا پہرہ دار ہے: عمران خان
پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ کون مسلمان ہےجو ختم نبوت کا پہرہ دار نہیں؟
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی جید علمائے کرام اور مشائخ کے وفد کے ساتھ اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں علامہ طاہر اشرفی، مفتی منیب الرحمان، علامہ عارف واحدی و دیگر بھی شریک ہوئے۔ مختلف مکاتب فکر کے علماء سے ملاقات کے دوران پاکستان کے وزیراعظم نےکہا کہ حکومتوں میں دھرنے اور احتجاج ہوتے رہتے ہیں۔
وزیراعظم نے اجلاس میں مدارس اصلاحات سمیت دیگر مذہبی امور پر علماء کو اعتماد میں لیا۔ علما نے وزیراعظم عمران خان کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعظم عمران خان نے علمائےکرام کو سعودی عرب اور ایران کے درمیان مصالحتی کردار پر بریفنگ دیتے ہوئے مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے میں بھی کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔
عمران خان نے کہا کہ دینی مدارس کے حوالے سے انقلابی ریفارم کی جارہی ہیں، پورے ملک میں یکساں نظام تعلیم متعارف کرایا جارہا ہے، دینی مدارس کے طلباء کو حکومتی سرپرستی فراہم کریں گے۔ کون مسلمان ہےجو ختم نبوت کا پہرہ دار نہیں؟
اجلاس کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا جموں کشمیر میں بدترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں دیکھ رہی ہے، ہندوستانی وزیراعظم اب کرفیو ہٹانے سے ڈر رہے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اس کے بعد وادی میں بد ترین خون ریزی ہوگی۔