میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کو بیرون ملک بھیجنے کی سفارش کردی
Nov ۱۱, ۲۰۱۹ ۱۸:۲۹ Asia/Tehran
حکومت پاکستان کے قائم کردہ میڈیکل بورڈ نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک بھیجنے کی سفارش کردی ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق صوبہ پنجاب کی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے لاھور میں پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل بورڈ کی سفارش پر وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کو علاج کے لئے بیرون ملک بھیج دیا جائے۔
وسری جانب اطلاعات ہیں کہ پاکستان کے قومی احتساب بیورو نے سابق وزیراعظم نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق وزارت داخلہ کو جواب بھیج دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت سے از خود فیصلہ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
وزارت داخلہ نے نواز شریف کے بیرون ملک جانے کا معاملہ ایک خط کے ذریعے نیب کے پاس بھیجا تاہم اب نیب کے جواب کے بعد یہ معاملہ ایک بار پھر وزارت داخلہ کے پاس آگیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق وزارت داخلہ نے اپنے کندھوں سے بوجھ اٹھا لیا ہے اور یہ معاملہ ذیلی کمیٹی کے سپرد کردیا، ذیلی کمیٹی کے سربراہ وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم ہیں، فروغ نسیم وزارت داخلہ کی درخواست کا جائزہ لینے کے بعد سابق وزیراعظم کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ کریں گے۔
مذکورہ کمیٹی کا اجلاس منگل کو اسلام آباد میں ہونے کی توقع ہے۔
دوسری جانب نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے نواز شریف کی بیرون ملک روانگی میں تاخیر کو رسک کا باعث قرار دیا۔