Nov ۱۷, ۲۰۱۹ ۱۳:۲۹ Asia/Tehran
  • نواز شریف منگل کو لندن جائیں گے

پاکستان مسلم لیگ نواز کی ترجمان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف منگل کو علاج کے لیے لندن روانہ ہوں گے۔

ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہےکہ نواز شریف کو لے جانے کے لیے ایئر ایمبولینس منگل کی صبح پہنچے گی۔

انہوں نے بتایا کہ  ڈاکٹرز نے ن لیگی قائد کا آج صبح پھر تفصیلی معائنہ کیا اور ان کو سفر کے قابل بنانے کے لئے ڈاکٹرز نے صلاح مشورہ کیا۔

ان کے مطابق بیرون ملک فضائی سفر کے دوران پلیٹ لیٹس برقرار رکھنے اور دل کی کسی ممکنہ تکلیف سے بچاؤ کیلئے ڈاکٹرز طبی احتیاط کی تیاری کریں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیراعظم کے ساتھ ان کے چھوٹے بھائی قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی ہمراہ ہوں گے۔

شہباز شریف نواز شریف کی مکمل صحتیابی تک لندن میں قیام  کریں گے جبکہ وہ اپنی کمر کی تکلیف کا علاج بھی کرائیں گے۔

واضح رہے کہ کل  عدالت نےنواز شریف کو غیر مشروط طور پر بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔

 

ٹیگس