نواز شریف منگل کو لندن روانہ ہوں گے
پاکستان کے سابق وزیر اعظم میان نواز شریف کی بیرون ملک روانگی کے انتظامات مکمل کرلیےگئے ہیں اور وہ منگل کو لندن روانہ ہوجائیں گے۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف منگل کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے بیرون ملک علاج کے لیے روانہ ہوں گے۔پاکستان مسلم نون کے صدر شہباز شریف اور ڈاکٹر عدنان بھی نواز شریف کے ہمراہ بیرون ملک جائیں گے۔گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کو علاج کے لیے غیر مشروط طور پر چار ہفتے کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی تھی۔دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے معالجین نے انہیں فضائی سفر کےقابل بنانے کےحوالے سے مشاورت شروع کردی ہے جس کے تحت پلیٹ لیٹس تیس ہزار پر برقرار رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔