Dec ۰۵, ۲۰۱۹ ۰۸:۴۶ Asia/Tehran
  • ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف قرارداد منظور

ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف پاکستان کی قومی اسمبلی میں قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔

پاکستان کے وزیر مملکت برائے پارلیمانی امورعلی محمد خان نے قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی یہ ایوان بھرپور مذمت کرتا ہے اور مجاہد عمرالیاس کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

قرار داد میں مزید کہا گیا کہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے جامع حکمت عملی تشکیل دی جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ایک اسلام مخالف تنظیم سے تعلق رکھنے والے شخص نے ناروے کے کرستیان ساند شہر کے پر رونق علاقے میں پہلے ایک مجمع لگایا اور پھر لوگوں کے سامنے قرآن کریم کو نذر آتش کر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا۔

مسلمانوں کی مقدس کتاب کو آتشزدگی سے بچانے کے لیے ایک نوجوان عمر الیاس تیزی سے آگے بڑھا اور اسلام مخالف شخص کو قرآن پاک کی بے حرمتی سے روکا، جس پر دنیا بھر کے مسلمانوں کی جانب سے اس کی زبردست پذیرائی کی گئی اور اسے ہیرو قرار دیا گیا۔

اس واقعے پراسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان سمیت کئی ممالک نے سخت احتجاج کیا اور دفترخارجہ میں ناروے کے سفیر کو طلب کرکے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔

ٹیگس