مشرف کیس، سپریم کورٹ نےچیف جسٹس کے کردار کی تردید کردی
پاکستان کی سپریم کورٹ نے سابق صدر اور سابق فوجی سربراہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف سے متعلق عدالتی فیصلے میں چیف جسٹس آف پاکستان کے کردار سے متعلق میڈیا رپورٹوں کو من گھڑت قرار دے دیا ہے۔
اسلام آباد سے ہمارے نمائندے کے مطابق سپریم کورٹ کے ترجمان کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت کو کسی طرح کی بھی ہدایات جاری نہیں کیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جنرل ریٹائرڈ پرویزمشرف کے مقدمے سے متعلق بعض ٹی وی چینلز اور اخبارات میں دی جانے والی خبروں میں یہ تاثر دیا گیا ہے کہ چیف جسٹس اس کیس میں ذاتی دلچسپی رکھتے ہیں۔ سپریم کورٹ کے جاری کردہ بیان میں ایسی خبروں کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ لگتا ہے کہ ایسی خبریں جان بوجھ کر گھڑی گئی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ بعض ٹی وی چینلز نے چیف جسٹس سے منسوب گفتگو نشر کی ہے جن میں کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف کا کیس نمٹانے میں چیف جسٹس آف پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان کی خصوصی عدالت نے منگل کے روز جاری کیے جانے والے مختصر فیصلے میں ملک کے سابق صدر اور سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو موت کی سزا سنائی ہے۔