بے نظیر بھٹو نے آمریت کو شکست دی : بلاول بھٹو
پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا کہ بحالیٔ جمہوریت کی جدوجہد میں بینظیر بھٹو کو قیدِ تنہائی اور جلاوطنی برداشت کرنا پڑی مگر پھر بھی انہوں نے آمریت کو شکست سے ہمکنار کیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی اپنی سابق چیئرپرسن اور سابق وزیر اعظم پاکستان بے نظیر بھٹو کی 12ویں برسی آج منا رہی ہے۔ اس سلسلے میں ملک بھر میں تقاریب منعقد کی جائیں گی تاہم مرکزی تقریب راولپنڈی کے لیاقت باغ میں ہوگی جہاں پارٹی کے موجودہ چیئرمین اور بے نظیر کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری اور دیگر مرکزی رہنما خطاب کریں گے۔
بلاول بھٹو نے محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کی 12ویں برسی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کےعوام اپنی بہادر قائد کو کبھی فراموش نہیں کریں گے، بینظیر بھٹو نے آمر کے خلاف انتھک جدوجہد کی قیادت کی۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ بحالیٔ جمہوریت کی جدوجہد میں بینظیر بھٹو کو قیدِ تنہائی اور جلاوطنی برداشت کرنا پڑی مگر پھر بھی انہوں نے آمریت کو شکست سے ہمکنار کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام اور پارٹی کارکنان کی حمایت سے یہ جدوجہد جاری رکھیں گے اور شہید بینظیر بھٹو عوام کے دل و دماغ میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ بینظیر کی جمہوریت اور انسانی حقوق کے لیے جدوجہد کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو 27 دسمبر 2007 کو لیاقت باغ راولپنڈی میں شہید کردیا گیا تھا۔