Dec ۲۹, ۲۰۱۹ ۰۷:۵۸ Asia/Tehran
  • نیب ترمیمی آرڈیننس مسترد: اپوزیشن کا اعلان

پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعتوں نے حکومت کی جانب سے نیب ترمیمی آرڈیننس 2019ء کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنے ساتھیوں کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عمران خان اپنی حکومت کے ہر منصوبے کی انکوائری روکنے کے لئے نیب آرڈیننس لا رہے ہیں ۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب پشاور میٹرو، مالم جبہ اورہیلی کاپٹر مقدمات میں نیب تفتیش رکوانے کے لئے آرڈیننس لا رہے ہیں لیکن پشاورمیٹروکے ایک کھرب 25 ارب کے کھڈے این آر اوپلس سے نہیں چھپائے جا سکتے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ دوسروں سے 40 سال کا حساب لیکن علیمہ باجی، فیصل واوڈا اور جہانگیر ترین کو این آر او دیا گیا جبکہ اب اپنی حکومت اور دوستوں کی چوری چھپانے کے لئے نیب گٹھ جوڑ کے ذریعے این آراوپلس لایا جارہا ہے ۔

اسلام آباد میں اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے کنوینئر اکرم درانی نے کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب کی ہواؤں کا رخ بدلنے پر حکومت نیب ترمیمی آرڈیننس لے آئی، وزیراعظم نے خود کو اور اپنے دوستوں کو بچانے کے لیے نیب ترمیمی آرڈیننس کا سہارا لیا ۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی پی رہنما اور وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا کہ نیب نے اپنے رویے کو تبدیل نہیں کیا، ہم نے نیب قانون کی ہمیشہ مخالفت کی ہے،وزیراعظم کے کچھ دوست نیب کے دائرے میں ہیں، نیب ترمیمی آرڈیننس کے بعد اب وہ خوش ہوں گے ۔

واضح رہے کہ دو روز قبل وفاقی کابینہ نے نیب ترمیمی آرڈیننس کی منظوری دے دی جس کے بعد صدر مملکت نے اس پر دستخط کردیے اب یہ آرڈیننس ایکٹ بن کر فوری طور پر نافذ العمل ہوگیا ہے۔

 

 

ٹیگس