جنرل سلیمانی کی شہادت کے بعد پاکستان میں امریکی قونصل خانوں کی سیکورٹی سخت
عراقی دارالحکومت بغداد میں امریکی حملے کے بعد بین الاقوامی کشیدہ صورتحال کے باعث پاکستان میں امریکا اور برطانیہ سمیت مختلف ممالک کے قونصل خانوں کی سیکورٹی سخت کردی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس کے فارن سیکورٹی سیل کو اس سلسلے میں غیر محسوس طریقے سے بھرپور حفاظتی انتظامات کو انتہائی حد تک فعال کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے جس کے بعد قونصل خانوں اور سفارتی عملے کی رہائش گاہوں کے اطراف بھی پولیس کی گشت میں اضافہ کے ساتھ ساتھ سیکورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔
پولیس کے متعلقہ عملے کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سفارتکاروں کی آمدورفت کے وقت بھی سیکورٹی فول پروف کریں۔
واضح رہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر اور اسلام کے عظیم اور مایہ ناز مرد مجاہد میجر جنرل قاسم سلیمانی ، عراقی رضاکار فورس حشد الشعبی کے اعلی کمانڈر ابو مہدی مہندس اور چند دیگر جعمہ کی رات بغداد ایئر پورٹ کے قریب امریکی ہیلی کاپٹروں کے حملے میں درجہ شہادت پر فائز ہوئے تھے جس کے بعد ایران نے سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے انتقام لینے کا اعلان کیا جس کے بعد امریکی قونصل خانوں اور سفارتی عملے کی سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔