پاکستانی اور سعودی وزرائے خارجہ کی ملاقات
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے سعودی ہم منصب سے ملاقات اور گفتگو کی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے دو روزہ دورے کے بعد پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی تہران سے ریاض پہنچے اور سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ملاقات کی اور خطے کی تازہ ترین اور حساس صورتحال کا جائزہ لیا۔
رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے خطے کی حالیہ صورتحال کے بارے میں گفتگو جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکہ کے ہاتھوں ایران کی سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کے سبب مغربی ایشیا میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد انہوں نے مختلف ممالک سے رابطہ کیا اور سبھی ممالک اس خطے میں کشیدگی کم کرنے کے خواہاں ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ علاقے میں رونما ہونے والے حالیہ واقعات کے سبب خطے کو بڑے سخت چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اس لئے سبھی فریق ڈپلومیسی کی راہ پر گامزن ہوں۔انہوں نے اطمینان دلایا کہ پاکستان خطے میں قیام امن و صلح کے لئے کسی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا۔
شاہ محمود قریشی ریاض کا دورہ مکمل کرنے کے بعد عمان کے دارالحکومت مسقط پہنچے ہیں۔