Jan ۱۴, ۲۰۲۰ ۰۹:۲۷ Asia/Tehran
  • قاسم سلیمانی پر حملہ امریکہ کی دہشت گرد پالیسیوں کا تسلسل: ملی یکجہتی کونسل

ملی یکجہتی کونسل پاکستان کا سربراہی اجلاس منصورہ لاہور میں ہوا، جس میں امریکہ کی طرف سے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی اور عراقی رہنماء ابو مہدی المہندس پر حملہ کی شدید مذمت کی گئی۔

ملی یکجہتی کونسل پاکستان کا مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ اجلاس یہ سمجھتا ہے کہ امریکہ کا یہ اقدام صرف ان رہنماﺅں پر نہیں بلکہ عالم اسلام پر حملہ اور امریکہ کی دہشت گرد پالیسیوں کا تسلسل اور بیّن ثبوت ہے۔ امریکہ عالم اسلام کا دوست نہیں بلکہ دشمن ہے۔ اجلاس مطالبہ کرتا ہے کہ امریکہ، پاکستان، افغانستان، عراق، شام اور دیگر مسلمان ممالک سے نکل جائے اور یمن میں جنگ فی الفور ختم کی جائے۔ یہ اجلاس نائیجیریا کے مسلم رہنما آیت اللہ علی ابراہیم زکزاکی کی ناجائز اسیری کی مذمت کرتا ہے۔

اجلاس میں کوالالمپور کانفرنس میں وزیراعظم پاکستان کی عدم شرکت اور بائیکاٹ کی مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ نہ صرف اندرونی بلکہ خارجہ محاذ پر بھی حکومت پاکستان نہ صرف مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے، بلکہ وزیراعظم صریحاً ناقابل اعتماد ہوگئے ہیں۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اسی طرح امریکہ کی سرپرستی میں ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہندوستانی مظالم اور کشمیر میں ایک طویل کرفیو کی بھی اجلاس شدید مذمت کرتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ کشمیر میں انسانی حقوق کا احترام کرے اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر فوری عمل کرتے ہوئے انہیں حق خود ارادیت فراہم کرے۔

 

ٹیگس