شہداء دین اسلام کے حقیقی مبلغ: شہدائے پاکستان کانفرنس
شہدائے پاکستان کانفرنس سے مولانا نصرت بخاری، ڈاکٹر راشد عباس نقوی اور مصطفی کرمانی نے خطاب کیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے شہر قم میں پاکستانی طلباء کی جانب سے شہداء پاکستان کانفرنس منعقد ہوئی جس میں ایران میں مقیم پاکستانی اوردوسرے ممالک سے تعلق رکھنے والے طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مولانا نصرت بخاری نے اپنے خطاب میں شہداء کو دین اسلام کا حقیقی مبلغ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہداء نے ہر دور میں اپنے خون سے شجرہ اسلام کی آبیاری کی۔
معروف دانشور ڈاکٹر راشد عباس نقوی نے شہداء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہدائے پاکستان کی تاریخ ، اسلامی انقلاب اور حضرت امام خمینی(رح) کے مکتب کی ترویج کیلئے پاکستانی شہداء کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے بعد انقلاب کے پیغام کو سب سے زیادہ پاکستانی نوجوانوں نے درک کیا اور دشمن نے اسلامی انقلاب کو کمزور کرنے کیلئے پاکستان میں انقلابی نوجوانوں پر دباو ڈالنے کے ہتھکنڈے استعمال کئے اور ان کو راستے سے ہٹانے کیلئے نوجوانوں کو شہید کیا لیکن پاکستان کے انقلابی نوجوانوں نے دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور جیلوں میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں اور گولیوں کے سامنے سینہ سپر ہو کر شہادت کے عظیم مرتبے پرفائز ہوئے اور دشمنوں کی سازشوں کو اسلام و مسلمین کے خلاف ناکام بنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی، شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی، شہید مظفر کرمانی سے لے کر شہید مقاومت جنرل قاسم سلیمانی تک سب مکتب امام خمینی (رح) کے شاگرد تھے اور انہوں نے اس مکتب کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔
مصطفی کرمانی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر تاکید کی کہ شہداء کی یاد کو زندہ رکھا جائے۔