ہندوستان و پاکستان، بڑھ رہا ہے کورونا کا قہر
پاکستان اور ہندوستان میں کورونا وائرس سے متاثرین اور مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ دونوں ملکوں نے کورونا کا مقابلہ کرنے کے لئے طرح طرح کی تدابیر اپنا ئی ہوئی ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے اور یہ تعداد اب بڑھ کر چار ہزار چھے سو ستاسی ہو گئی ہے۔ اس بیماری میں اب تک اڑسٹھ افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے مختلف اقدامات اور تدابیر کی جا رہی ہیں لیکن اس کے باوجود دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی اس وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے - پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تصدیق چھبیس فروری کو ہوئی تھی اور ڈیڑھ ماہ کا عرصہ گذر جانے کے بعد کورونا کے کیسز میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے اور دس اپریل تک متاثرین کی تعداد چار ہزار چھے سو ستاسی تک پہنچ گئی جو اکتیس مارچ تک صرف دوہزار سات تھی-
پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرین کی سب سے زیادہ تعداد صوبہ پنجاب میں ہے جہاں اب تک دوہزار دوس اناسی افراد اس وائرس میں مبتلا پائے گئے ہیں۔ اس کے بعد صوبہ سندھ میں ایک ہزار دو سو چودہ خیبرپختونخوا میں چھے سو بیس، بلوچستان میں دوسو انیس ، گلگت بلتستان میں دو سو پندرہ اور اسلام آباد میں ایک سو سات جبکہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں تینتیس افراد کورونا سے متاثر بتائے جا رہے ہیں-
پاکستان کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ جہاں متاثرین کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے وہیں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور اب تک پورے ملک میں سات سو ستائیس افراد کورورنا کو شکست دے کر صحتیاب ہو چکے ہیں-
ادھر ہندوستان میں بھی کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے اب تک پورے ملک میں چھے ہزار آٹھ سو پچیس ہو گئی ہے جبکہ دو سو سینتیس افراد کورونا بیماری میں اپنی جان گنوا بیٹھے ہیں- ہندوستان کی وزارت صحت کے حوالے سے میڈیا میں بتایا جا رہا ہے کہ متاثرین میں پانچ ہزار سات سو نو کیسزایکٹیو ہیں جبکہ پانچ سو چار افراد صحتیاب ہو کر اسپتالوں سے اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں-
ہندوستان میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ریاست مہاراشٹر ہے جہاں اب تک ایک ہزار تین سو پچاسی کیسز سامنے آچکے ہیں اور مہاراشٹر میں ہی سب سے زیادہ یعنی اٹھانوے لوگ کورونا سے جنگ میں زندگی کی بازی ہار گئے ہیں- تامیل ناڈو میں متاثرین کی تعداد آٹھ سو چونتیس، دہلی میں سات سو بیس، راجستھان میں چار سو نواسی، تلنگانہ میں چارسو اکہتر، اترپردیش میں چار سو دس معاملے اب تک سامنے آ چکے ہیں، جبکہ باقی ریاستوں میں بھی روزانہ نئے نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں-
ہندوستان میں لاک ڈاؤن جاری ہے اور اس کے ختم ہونے میں اب صرف چار دن مزید باقی رہ گئے ہیں- تاہم میڈیا اور سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ تبدیلیوں کے ساتھ وزیر اعظم مودی لاک ڈاؤن کی مدت میں ایک بار پھر توسیع کر سکتے ہیں - ہندوستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم مودی مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلی سے صلاح و مشورے کے بعد قوم سے خطاب اور لاک ڈاؤن کی مدت میں اضافہ کر سکتے ہیں -