پاکستان، کورونا کے کیسز اور اموات میں اضافہ
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
پاکستان میں بھی کورونا وائرس سےمتاثرین اور مرنے والوں کی تعداد مسلسل بڑھتی جا رہی ہے - پاکستانی میڈیا کے مطابق یکم اپریل سے ملک میں اموات اور کیسز کی تعداد بہت زیادہ تیزی سے بڑھ رہی ہے اور انہیں پندرہ دنوں کے دوران ایک روز میں کم از کم چودہ اموات تک ریکارڈ کی گئیں ہیں۔
پاکستانی میڈیا اور محکمہ صحت کے مطابق پاکستان میں اب تک چھے ہزار آٹھ سو پینسٹھ افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ ایک سو اٹھائیس افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔ ایک ہزار چھے سو پینتالیس کورونا متاثرین صحتیاب ہو کر گھر لوٹ چکے ہیں۔
پاکستان میں چھبیس فروری کو کورونا کے کیسز سامنے آئے تھے شروع میں اس کا پھیلاؤ کم تھا تاہم گذشتہ دو ہفتے کے دوران اس میں بہت زیادہ تیزی آئی ہے- پاکستان میں کورونا کا مقابلہ کرنے کے مختلف احتیاطی تدابیر، لاک ڈاؤن اور جزوی لاک ڈاؤن کی مدت بھی تیس اپریل تک بڑھای دی گئی ہے لیکن اس کے باوجود متاثرین اور مرنے والوں کی تعداد میں کمی نہیں آرہی ہے -
جمعرات کو بھی پاکستان کے مختلف علاقوں میں کورونا کے مزید کیسز سامنے آئے ہیں اور اس بیماری میں اموات بھی ہوئی ہیں۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق سندھ میں گذشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے کیسز میں اچانک اضافہ ہوا ہے اور مزید تین سو چالیس افراد اس وائرس میں مبتلا ہوئے ہیں-
وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے خبردار کیا ہے کہ اگر لوگ کورونا کا مقابلہ کرنے میں احتیاط سے کام نہیں لیں گے تو پھر ملک کا نظام صحت کورونا کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوجائے گا۔