افغانستان میں تین روزہ جنگ بندی، پاکستان نے کیا خیر مقدم
May ۲۴, ۲۰۲۰ ۱۹:۵۲ Asia/Tehran
حکومت پاکستان نے عید الفطر کے موقع پر افغانستان کی حکومت اور طالبان کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کیا ہے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں افغان عوام کو عید کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک افغانستان میں امن و استحکام کے قیام کا خواہاں ہے۔
دوسری جانب افغانستان کے صدر اشرف غنی نے عید کے موقع پر طالبان کی جانب سے تین روزہ جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ افغانستان میں جنگ کے خاتمے کے لیے تمام افغان گروہوں اور طالبان کے درمیان مذاکرات جلد شروع ہوں گے، تاہم افغانستان کے صدر کا کہنا ہے کہ عید کے دنوں میں طالبان کی جانب سے کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔