دھماکے میں چار پاکستانی فوجی جاں بحق و زخمی
پاکستان میں ایک بار پھر دہشتگردی کا واقعہ رونما ہوا ہے۔
پاکستان کے شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں پاکستانی فوج کے 2 اہلکار جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہو گئے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو حادثہ شمالی وزیرستان کے علاقہ میرانشاہ کے جنوب مشرق میں پیش آیا۔
ابھی تک کسی گروہ نے واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم اس علاقے میں پاکستانی طالبان ماضی میں اس قسم کے دھماکے کرانے میں ملوث پائے گئے تھے۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ پاکستان کے سیکورٹی اداروں نے سن دوہزار نو میں ایک پولش انجینیئر کو ذبح کرنے والے دو دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے ان دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔