اسرائیل ملک نہیں، فلسطینی سرزمین پرقابض ہے: پاکستان
پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی ٹولے کے سلسلے میں اسلام آباد کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔
پاکستان کی قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ پاکستان کبھی بھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کو ملک نہیں بلکہ فلسطینی سرزمین پر قابض سمجھتا ہے۔
ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے بھی اسرائیل کے غاصبانہ اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پاکستانی حکومت و عوام کا دل مسلمانوں کے قبلہ اول اور فلسطینی عوام کے لئے دھڑکتا ہے اور اسرائیل نے فلسطینی سرزمین پر غاصبانہ قبضہ جما رکھا ہے۔
قاسم سوری نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ہم پاکستانی عوام سے یہ وعدہ کرتے ہیں کہ کبھی بھی صیہونی حکومت کے غیر قانونی وجود کو، تسلیم نہیں کریں گے۔
ڈپٹی اسپیکر قومی اسیبملی نے واضح کیا کہ سرزمینِ فلسطین اور بیت المقدس کی آزادی تک پاکستان، فلسطینی عوام کی مجاہدانہ جد و جہد کی حمایت کرتا رہے گا۔
دوسری جانب قومی اسمبلی میں جاری اجلاس کے دوران پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتوں میں کوئی حقیقت نہیں ۔ فلسطین پر ہمارا وہی موقف ہے جو پاکستان کا موقف ہے۔ عرب ممالک کے دباوٴ میں آکر ہرگز اپنی پالیسی پر نظر ثانی نہیں کر رہے، پاکستان مسئلہ فلسطین کو حل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
اس سے قبل بھی پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے فلسطین کے مغربی کنارے کے بعض علاقوں کو مقبوضہ علاقوں میں شامل کرنے والے صیہونی منصوبے پر تشویش ظاہر کی تھی اور صیہونی وزیر اعظم نتن یاہو حکومت کے اس اقدام کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔
واضح رہے کہ منگل کے روز قومی اسمبلی کے جاری اجلاس میں حزب اختلاف کے رہنما خواجہ آصف نے کہا تھا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق وزیر خارجہ سے منسوب بیان سامنے آیا جس کے بعد وزیر خارجہ نے اس حوالے سے حکومتی مؤقف واضح کیا۔