Jul ۰۵, ۲۰۲۰ ۲۰:۰۴ Asia/Tehran
  • کراچی میں گرمی اور لوڈشیڈنگ میں اضافہ

پاکستان کے صنعتی اور تجارتی مرکز کراچی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ تاحال برقرار ہے اور لوڈ شیڈنگ کا دورانہ پندرہ گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔ ملیر، شاہ فیصل کالونی، طارق بن زیاد سوسائٹی، اولڈ سٹی ایریا، لیاری، کھارادر، قیوم آباد، کورنگی، محمود آباد، منظور کالونی جیسے علاقے بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے زیادہ متاثر ہیں۔

ان علاقوں کے شہریوں کا کہنا ہے کہ دن کے علاوہ رات کے اوقات میں بھی تین سے چار گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ ایسی صورتحال میں حکومت پاکستان کے متعلقہ ادارے کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی شارٹ فال زیرو ہو گیا ہے اور کراچی میں بجلی تقسیم کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک کو نیشنل گرڈ سے آٹھ سو میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب حکمران پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے قانون سازوں نے کے الیکٹرک کو لوڈ شیڈنگ ذمہ دار قرار دیتے ہوئے اس ادارے کی اجارہ داری ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ کراچی میں بجلی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے بجلی کی تقسیم کے لیے ایک اور کمپنی لا کر کے الیکٹرک کی 'اجارہ داری' ختم کی جائے۔

ٹیگس