پاکستان میں 5 ہزار بچے کورونا میں مبتلا
پاکستان میں صوبۂ سندھ کے حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ اب تک ملک میں 5 ہزار بچے کورونا میں مبتلا ہو چکے ہیں۔
پاکستانی میڈیا نے آج بروز پیر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار 587 نئے کورونا کیسز سامنے آئے جس سے پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 65 ہزار 83 ہو چکی ہے، جبکہ مزید 31 افراد اس موذی وباء کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار گئے۔ اس طرح جاں بحق افراد کی کُل تعداد 5 ہزار 599 تک جا پہنچی ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے 53 ہزار365 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے ایک ہزار 763 افراد کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 2 لاکھ 5 ہزار637 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب سندھ میں کورونا وائرس کی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کے وار بچوں پر بھی جاری ہیں اور صوبے میں اب تک 10 سال تک کی عمر کے 3 ہزار 932 بچے اس عالمی وبا کا شکار ہو چکے ہیں، تاہم اللہ کی مہربانی سے ان کی اکثریت صحتیاب ہو چکی ہے، جب کہ وباء کے باعث 8 بچے جاں بحق ہو چکے ہیں۔
بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے بتایا سندھ میں 12 سے 17 سال کی عمر کے ایک ہزار سے زائد بچے کورونا کا شکار ہوئے، جب کہ 50 سال سے زائد عمر کے 22 ہزار 554 مرد و خواتین کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔