Aug ۱۴, ۲۰۲۰ ۲۱:۵۹ Asia/Tehran
  • اسرائیل عرب امارات معاہدے پر پاکستان کے تحفظات

پاکستان نے اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات کی بحالی کے معاہدے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

پاکستانی ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل اور یو اے ای کے درمیان معاہدے کے دور رس مضمرات ہوں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ سے پختہ عہد پر کاربند رہا ہے کہ فلسطین کے عوام کے تمام جائز حقوق انہیں دئیے جائیں جس میں استصواب رائے کا حق بھی شامل ہے، مشرق وسطی میں امن و استحکام بھی پاکستان کی کلیدی ترجیح ہے

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان فلسطینیوں کے حقوق کی مکمل بحالی کے لیے پرعزم ہے، فلسطینیوں کے حقوق میں ان کی خود مختاری کا حق شامل ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام پاکستان کی اہم ترجیح ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے انصاف پر مبنی جامع اور پائیدار امن کے لیے ہمیشہ یو این، او آئی سی قرار دادوں اور عالمی قوانین کے تحت مسئلے کے دو ریاستی حل کی حمایت کی ہے، ہماری اپروج اس بنیاد پر ہوگی کہ فلسطینیوں کے حقوق اور خواہشات کو کیسے برقرار رکھا جاتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان جائزہ لے گا کہ خطے کے امن اور سیکیورٹی اور استحکام کو کیسے برقرار رکھا جاتا ہے۔

در ایں اثناء اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے کہا کہ فلسطین کے مظلوم عوام اور اسی طرح دنیا کی آزاد ضمیر قومیں غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی بحالی اور اسرائیل اور اس کے آلۂ کاروں کے جرائم کو کبھی بھی معاف نہیں کریں گی۔

ایران کی وزارت خارجہ کے بیان میں آیا ہے کہ بلا شک مسلمانوں کے قبلۂ اول اور فلسطینی سرزمین کی آزادی کیلئے گزشتہ 7 عشروں سے بہایا جانے والا خون رنگ لائے گا اور فلسطین کی امنگوں کا سودا کرنے والوں سے اس کا بدلہ ضرور لیا جائے گا۔

ایران کی وزارت خارجہ نے اس بیان میں بیت المقدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کے ساتھ ابو ظہبی کے تعلقات کی بحالی کو خطرناک قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ خلیج فارس کے علاقے کے مسائل اور معاملات میں ہر قسم کی مداخلت سے اجتناب کیا جائے بصورت دیگر اس کی تمام تر ذمہ داری متحدہ عرب امارات اور اس کے حامی دیگر ممالک پر عائد ہو گی۔

واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت کئی عرب ممالک کے پہلے سے ہی غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے ساتھ خفیہ تعلقات برقرار تھے جو اب مکمل طور پر آشکار ہو گئے ہیں۔  متحدہ عرب امارات کے اس مجرمانہ اقدام سے امت مسلمہ اور خاص طور پر فلسطینی مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ متحدہ عرب امارات کی اس سنگین خیانت کو تاریخ میں کبھی فراموش نہیں کیا جائےگا۔

 

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

Whatsapp invitation link (11) : https://chat.whatsapp.com/BWheYzgo6g14jMJDBW62qg

 

ٹیگس