Aug ۲۲, ۲۰۲۰ ۱۸:۰۱ Asia/Tehran
  • نواز شریف نے قانون کا مذاق اڑایا، بیماری کے بہانے فرار ہوئے: پاکستانی وزیر

حکومت پاکستان نے علاج کی غرض سے لندن میں مقیم سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو وطن واپس لانے کی کوشش تیز کر دی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز نے سابق وزیر اعظم پر قانون کو مذاق بنانے اور بیماری کے بہانے ملک سے فرار ہو جانے کا الزام ‏عائد کیا۔

انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کو عدالتوں میں اپنے خلاف چلنے والے مقدمات کا سامنا کرنے کے لیے وطن واپس آ جانا چاہیے۔

پاکستان کے وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزارت خارجہ کے ذریعے برطانوی حکومت سے درخواست کی جائے گی کہ نواز شریف کو واپس وطن بھیجا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت سابق وزیر اعظم کو واپس لانے کے لیے قانونی چارہ جوئی کا سلسلہ تیز کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے دسمبر دوہزار اٹھارہ کو العزیزیہ ریفرنس کیس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو سات سال قید بامشقت اور ڈھائی کروڑ  ڈالر جرمانے کی سزا سنائی تھی، جس کے بعد سے وہ کوٹ لکھپت جیل میں بند تھے جہاں ان کی حالت تشویشناک ہو گئی تھی۔

پاکستان کی ایک عدالت نے گزشتہ سال اکتوبر میں میاں نواز شریف کی درخواست پر ان کی سزا چھے ہفتے کے لیے معطل اور انہیں علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی تھی۔

ٹیگس