Aug ۲۷, ۲۰۲۰ ۱۰:۲۷ Asia/Tehran
  • پلوامہ حملے کی چارج شیٹ مسترد

پاکستان نے پلوامہ حملے میں ہندوستان کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کی چارج شیٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسے من گھڑت قرار دیا۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ یہ رپورٹ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے پاکستان مخالف موقف اور تنگ نظری کے ساتھ سیاسی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہے۔

گزشتہ برس فروری کے مہینے میں ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہندوستانی فوج پر حملے کے بعد سے پاکستان اور ہندوستان کے مابین کشیدگی برقرار ہے، اس حملے میں ہندوستان کے چالیس فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان زاہد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان، بھارتی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کی نام نہاد چارج شیٹ کو یکسر مسترد کرتا ہے جس کا مقصد شرانگیزی کرتے ہوئے بقول ان کے کشمیر میں ہوئے پلوامہ حملے کو پاکستان پر مسلط کرنا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے ابتدا میں ہی ان الزامات کو مسترد کردیا تھا اور قابل عمل معلومات کی فراہمی کی بنیاد پر تعاون پر آمادگی ظاہر کی تھی۔

خیال رہے کہ ایک روز قبل ہی ہندوستانی انویسٹی گیشن ایجنسی نے تیرہ ہزار پانچ سو صفحات پر مبنی پلوامہ حملے کی رپورٹ خصوصی عدالت میں جمع کرائی جس میں انیس افراد کے نام شامل کیے گئے ہیں اور اس میں الزام عائد کیا گیا کہ یہ حملہ مبینہ طور پر پاکستان کی ایما پر ہوا ہے۔

ٹیگس