نواز شریف کو جانے کی اجازت دینا حکومت کی غلطی رہی: عمران خان
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ملک کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے جانے کو اپنی حکومت کی غلطی قرار دیا ہے۔
ایک نجی ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے نواز شریف کو این آر او دینے کے تاثر کو سختی کے ساتھ مسترد کر دیا۔
عمران خان نے کہا ہے کہ جب نواز شریف کا ایشو سامنے آیا تو ماحول ایسا بن گیا کہ وہ بچیں گے نہیں ان کی جان خطرے میں ہے اور اس صورت میں ذمہ داری ہمارے سر آتی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے میاں نواز شریف کو خیر سگالی کے تحت باہر جانے کی اجازت دی تھی لیکن اب ہم پشیمانی محسوس کرتے ہیں اور ہمیں لگتا ہے کہ ہم سے غلطی ہوئی ہے۔
عمران خان نے ایک بار پھر دہرایا کہ جو مرضی ہوجائے یہ جتنی مرضی بلیک میل کریں، ان سب کا جب تک احتساب نہیں ہوگا یہ ملک آگے بڑھ ہی نہیں سکتا۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے دسمبر دو ہزار اٹھارہ کو العزیزیہ ریفرنس کیس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو سات سال قیدِ بامشقت اور ڈھائی کروڑ ڈالر جرمانے کی سزا سنائی تھی، جس کے بعد سے وہ کوٹ لکھپت جیل میں بند تھے جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی تھی۔ پاکستان کی ایک عدالت نے گزشتہ سال اکتوبر میں میاں نواز شریف کی درخواست پر ان کی سزا چھے ہفتے کے لیے معطل اور انہیں علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی تھی۔