پاکستان کی ترقی کراچی سے وابستہ ہے: وزیراعظم عمران خان
پاکستان کے وزیر اعظم نے ملک کی ترقی کو کراچی سے وابستہ قرار دیتے ہوئے ٹرانسفارمیشن پلان کو جلد حتمی شکل دینے کا حکم دیا ہے۔
اسلام آباد میں کراچی کے مسائل کے مستقل حل کے بارے میں منعقدہ اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کراچی کی ترقی سے وابستہ ہے۔
پاکستان کے وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے رواں ہفتے کے اختتام تک کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کو حتمی شکل دی جائے۔
عمران خان نے کہا کہ کراچی کے مسائل کے حل اور ترقی کے لیے وفاقی حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
یہ اجلاس ایسے وقت میں ہوا جب کراچی میں گزشتہ دنوں ہونے والی شدید بارشوں کی وجہ سے زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی تھی اور شہر کے بنیادی ڈھانچے میں پائے جانے والے نقائص کی وجہ سے بیشتر علاقے زیر آب آگے تھے۔
بارشوں اور سیلابی صورتحال کی وجہ سے شہر بھر میں بجلی کی فراہمی اور موبائل فون سروس بھی معطل ہو گئی تھی جو چار دن گزرنے کے باوجود مکمل طور پر بحال نہیں کی جا سکی ہے۔