Sep ۰۴, ۲۰۲۰ ۱۹:۵۴ Asia/Tehran
  • پاکستان میں یورپ کے خلاف مظاہرے

پاکستان میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں لوگوں، سیاسی اور مذہبی جماعتوں، رہنماؤں اور کارکنوں نے فرانسیسی جریدے میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخانہ خاکے شائع کیے جانے کی مذمت میں مظاہرے کیے ہیں۔

ہمارے نمائندوں کے مطابق امامیہ اسٹوڈینٹس آرگنائیزیشن، مجلس وحدت مسلمین اور اسلامی جمعیت طلبہ کی اپیل پر پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے علاوہ لاہور، کراچی، پیشاور اور کوئٹہ سمیت کئی شہروں میں مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین  نے اپنے ہاتھوں میں ایسے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر حرمت قرآن اور ناموس رسالت کے تحفظ کاعزم ظاہر کیا گیا تھا۔ روز حرمت قرآن و ناموس رسالت کے نام سے کیے جانے والے ان مظاہروں میں شریک لوگ فرانسیسی جریدے میں گستاخانہ خاکوں کی دوبارہ اشاعت اور سوئیڈن اور ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات کی مذمت میں نعرے لگا رہے تھے۔

اسلام آباد میں ہونے والے ایسے ہی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مقررین نے اسلامی مقدسات کی توہین کو مغربی انتہا پسندی قرار دیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ سمیت تمام بین الاقوامی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عالمی امن و سلامتی کے تحفظ کی خاطر مغربی سماج میں انبیائے الہی کی توہین کا سلسلہ بند کرائیں۔

ٹیگس