بلاول بھٹو زرداری کا پاکستان میں انتخابی اصلاحات کا مطالبہ
پاکستانی اپوزیشن جماعت پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں انتخابی اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اگر تمام سیاسی جماعتیں انتخابی اصلاحات پر کام کریں تو عام انتخابات بھی شفاف اور غیر جانبدار ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کو اہم قومی معاملات پر اتفاق رائے کی راہ میں بڑی رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی مسائل پر حزب اختلاف کو رابطے میں رکھنا وزیراعظم کی ذمہ داری ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا اہم ایشوز پر وزیر اعظم قومی سلامتی کی میٹنگ نہیں کر سکتے تو انہیں اپنے عہدے سے استعفیٰ دیکر کسی اور کو موقع دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا موقف یہ ہے کہ قومی سلامتی سے متعلق کوئی بھی اجلاس وزیر اعظم کے بغیر نہیں ہونا چاہیے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اپوزیشن نے ہمیشہ قومی سلامتی کے مسائل پر تعاون کیا، ملک کی سلامتی کے معاملے پر کل بھی ایک تھے اور آج بھی ایک ہیں۔
گلگت بلستان الیکشن کے حوالے سے بری فوج کے سربراہ کے ساتھ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارا موقف تھا کہ گلگت بلتستان کےعوام اپنے مستقبل کے فیصلے خود کریں گے اور منتخب اسمبلی جو بھی فیصلہ کرے گی ہمیں قبول ہوگا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آرمی چیف سے یہ تاثر ملا کہ ایسی اصلاحات ہوں جس سے الیکشن متنازعہ نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں انتخابی اصلاحات پر کام کریں تو عام انتخابات بھی شفاف اور غیر جانبدار ہوسکتے ہیں۔