پاکستان میں تعلیمی سرگرمیاں بحال
پاکستان میں تعلیمی ادارے کھولنے کے تیسرے اور آخری مرحلے کے تحت آج بروز بدھ سے تمام پرائمری اسکولز بھی کھل گئے۔
پاکستان میں آج سے کھلنے والے تمام سرکاری و نجی اسکولز میں کورونا وائرس کے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر عملدرآمد کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
پاکستان میں 26 فروری کو کورونا وائرس کے پہلے کیس کے سامنے آںے کے بعد سب سے پہلے تعلیمی اداروں کی بندش کا اعلان کیا گیا تھا اور پورے ملک میں مارچ کے مہینے میں اسکولز، کالجز اور جامعات کو بند کردیا گیا تھا۔
ابتدائی طور پر کچھ روز کے لیے تعلیمی اداروں کو بند کیا گیا تھا تاہم ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اس میں کئی مرتبہ توسیع کی گئی اور بعد ازاں صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے 15 ستمبر سے تعلیمی اداروں کو کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم حکومت نے 15 ستمبر سے تعلیمی اداروں کو مرحلہ وار کھولنے کا اعلان کیا اور پہلے مرحلے میں اسکولز کی نویں، دسویں کلاسز، کالجز اور جامعات کو کھولا گیا۔
انسٹاگرام پر آپ ہمیں فالو کر سکتے ہیں
خیال رہے کہ پاکستان میں تعلیمی اداروں کو کھولنے کے تیسرے مرحلے کا اعلان گزشتہ روز وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر شفقت محمود کا کہنا تھا کہ 15 ستمبر سے تعلیمی اداروں کے کھلنے کے بعد سے اب تک ایک لاکھ 71 ہزار 436 ٹیسٹ طلبہ و اساتذہ کے کیے گئے اور اس میں سے ایک ہزار 284 ایسے کیسز تھے جن کا ٹیسٹ مثبت آیا اور یہ شرح 0.8 فیصد ہے جس کے بعد ہم نے فیصلہ کیا کہ سارے اسکول کھول دیے جائیں۔