مولانا فضل الرحمن کے خلاف بھی نیب انکوائری
پاکستان کے قومی احتساب بیورو نیب نے ملک کی سیاسی مذہبی جماعت جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے خلاف بھی انکوائری شروع کرنے منظوری دے دی ہے۔
میڈیا رپورٹوں میں نیب کے جاری کردہ اعلامیہ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف آمدنی سے زائد اثاثوں کی انکوائری کی منظوری دے دی۔اعلامیے میں کہا گیا کہ تحقیقات قانون کے مطابق آزادانہ اور منصفانہ طور پر کی جائیں گی اور تمام متعلقہ افراد سے قانون کے مطابق ان کا موقف حاصل کیا جائے گا۔
قبل ازیں تیئیس ستمبر کو آمدہ خبروں میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان کا قومی احتساب بیورو مولانا فضل الرحمن کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر رہا ہے۔میڈیا رپوٹوں میں دعوی کیا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمن پشاور، کراچی ، کوئٹہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں سینکڑوں کنال اراضی دکانوں اور مارکیٹوں کے مالک ہیں۔
قابل ذکر ہے مولانا فضل الرحمن کو دو روز قبل حکومت مخالف جماعتوں کے اتحاد پی ڈیم ایم کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔