پاکستان کے لئے افغانستان کی برآمدات کا آغاز
Oct ۱۱, ۲۰۲۰ ۱۶:۵۹ Asia/Tehran
پاکستان کے لئے افغانستان کی برآمدات کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا۔
آوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے صوبے ننگرہار کے گورنر ضیاء الحق امرخیل نے اعلان کیا ہے کہ طورخم سرحدی گذرگاہ اتوار کے روز سے افغانستان کی برآمدات کے لئے کھول دی گئی ہے اور پھلوں اور مختلف قسم کی سبزیوں کے حامل ٹرک افغانستان سے پاکستان کے علاقوں میں داخل ہو گئے ہیں۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے قبل افغانستان سے ہزاروں کی تعداد میں مال بردار ٹرک پاکستان میں داخل ہوتے تھے مگر اب اس تعداد کو کم کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل افغانستان کے تاجروں نے پاکستان کی سرحد بند ہونے کی وجہ سے کروڑوں ڈالر کا نقصان ہونے کی شکایت کی تھی۔
پاکستان نے کہا ہے کہ غذائی اشیا کے حامل ٹرکوں کی تعداد میں کمی، کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کی غرض سے کی گئی ہے۔