دہشتگردوں کا حملہ، بارہ پاکستانی سکیورٹی اہلکار جاں بحق
Oct ۱۵, ۲۰۲۰ ۱۹:۴۸ Asia/Tehran
پاکستان میں دہشت گردی کے دو الگ الگ واقعات میں کم سے کم بارہ سیکورٹی اہلکاروں کے مارے جانے کی خبر ہے۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں نے او جی ڈی سی ایل کے کاروان پر مکران کوسٹل ہائی پر اورماڑہ کے قریب حملہ کیا ہے جس میں چھے سیکورٹی اہلکار مارے گئے ہیں۔
اس واقعے کے بعد سیکورٹی اداروں نے علاقے کو اپنے گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔
اس سے پہلے خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں فوجی قافلے پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک افسر اور پانچ فوجی اہلکار مارے گئے تھے۔
پاکستانی فوج کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ فوجی قافلے کے راستے میں یہ دھماکہ آئی ای ڈی کے ذریعے کیا گیا تھا۔
تاحال کسی بھی شخص یا گروہ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔