باجوا صاحب آپ نے میری حکومت ختم کرائی ہے، نواز شریف کا الزام
پاکستان کے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے فوج پر اپنی حکومت گرانے کا الزام عائد کیا ہے۔
نیوز ایجنسی رائٹرز کے مطابق جمعے کو گوجرانوالہ میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈیم ایم کے پہلے جلسے سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے ملک کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوا پر اپنی حکومت گرانے، عدلیہ کو استعمال کرنے اور دوہزار اٹھارہ کے الیکشن میں موجودہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت کو اقتدار میں لانے کا الزام عائد کیا۔
میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ " جنرل باجوا آپ نے میری حکومت ختم کرائی، جو ٹھیک کام کر رہی تھی اور ملک و قوم کو اپنی خواہشات کی بھینٹ چڑھا دیا۔"
قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے سابق وزیرا عظم نواز شریف گزشتہ برس اکتوبر میں لاھور ہائی کورٹ کی عبوری ضمانت پر علاج کے لیے لندن گئے تھے اور اب تک وہیں مقیم ہیں۔
اس سے پہلے اسلام آباد کی احتساب عدالت نے دسمبر دو ہزار اٹھارہ کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کو کرپشن کے الزامات میں سات سال قیدِ بامشقت اور ڈھائی کروڑ ڈالر جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ ان کے خلاف کرپشن کے دیگر مقدمات اب بھی پاکستان کی عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔