Oct ۱۷, ۲۰۲۰ ۱۰:۰۳ Asia/Tehran
  • اپوزیشن کا پہلا جلسہ کامیاب یا فلاپ ؟

کل گوجرانوالہ میں اپوزیشن کا پہلا جلسہ منعقد ہوا جسے اپوزیشن نے کامیاب اور حکومت نے فلاپ قرار دیا۔

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن بے روزگار ہے اسے اہمیت دینے کی ضرورت نہیں، ڈاکوؤں کو این آر او دینے سے زندگی آسان ہوجائے گی لیکن یہ ملک کے لیے تباہی کا راستہ ہے جو میں اختیار نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں یہ روز جلسہ کریں، عوام کے سامنے اپوزیشن روز بروز بے نقاب ہو رہی ہے، اپوزیشن کے جلسوں سے پریشان نہ ہوں، ہم سے بڑے جلسے کسی نے نہیں کیے۔

واضح رہے کہ کل گوجرانوالہ میں اپوزیشن کا پہلا جلسہ منعقد ہوا جسے اپوزیشن نے کامیاب اور حکومت نے فلاپ قرار دیا۔

اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کے پہلے پاور شو کے دوران گوجرانوالہ کے جناح اسٹیڈیم میں خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جب پاکستان ٹوٹ چکا تھا تب بھی یہ حالات نہیں دیکھے تھے۔ بحران ہی بحران ہے، آٹا، چینی، دواؤں، بجلی اور گیس کا بحران ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کون کہتا تھا کہ عوام کہیں گے تو استعفا دے دوں گا۔ آج لاہور سے گوجرانوالہ تک لوگوں کا ایک ہی نعرہ تھا گو نیازی گو نیازی۔ عمران خان یاد رکھو صفحہ پلٹتے دیر نہیں لگتی۔

گوجرانوالہ میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈیم ایم کے پہلے جلسے سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے  پاکستان کے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے ملک کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوا پر اپنی حکومت گرانے، عدلیہ کو استعمال کرنے اور دوہزار اٹھارہ کے الیکشن میں موجودہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت کو اقتدار میں لانے کا الزام عائد کیا۔

میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ جنرل باجوا آپ نے میری حکومت ختم کرائی، جو ٹھیک کام کر رہی تھی اور ملک  و قوم کو اپنی خواہشات کی بھینٹ چڑھا دیا۔

سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عظیم الشان اجتماع کی نگرانی پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کا شکریہ ادا کرتا ہوں، آج عوام کا بپھرا ہوا سمندر جعلی حکمرانوں کی کشتی کو غرقاب کرکے دم لے گا، جمہوریت کے خوبصورت چہرے کو گرد آلود کیا گیا، اب جمہوریت کی صبح طلوع ہونے والی ہے۔

ٹیگس