Nov ۱۴, ۲۰۲۰ ۱۸:۰۴ Asia/Tehran
  • پاکستانی وزیر خارجہ اور فوج کے ترجمان کی مشترکہ پریس کانفرنس

کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر دونوں جانب سے فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد پاکستان اور ہندوستان دونوں نے ہی ایک دوسرے پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام عائد کیا ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور پاکستانی فوج کے ترجمان جنرل بابر افتخار نے ایک  پر ہجوم مشترکہ پریس کانفرنس میں ہندوستان پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ پاکستان میں کالعدم دہشت گرد گروہوں کی مالی معاونت کر رہا ہے-

پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کو اس سلسلے میں ثبوت پیش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ عالمی ادارے خطے میں امن و استحکام کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے اور ہندوستان پر دباؤ ڈالیں گے کہ وہ بقول ان کے پاکستان میں دہشت گردی کی مالی معاونت بند کرے-

پاکستانی فوج کے ترجمان نے بھی کہا کہ ان کے پاس ایسے ثبوت موجود ہیں کہ ہندوستان دہشت گردوں کو ہتیھار فراہم کرتا ہے- پریس کانفرنس میں ہندوستان پر یہ بھی الزام عائد کیا گیا کہ وہ پاکستان میں داعش کے عناصر کو تیار کرنے کی سازش کر رہا ہے-

واضح رہے کہ پاکستان اور ہندوستان دونوں ہی ایک دوسرے پر دہشت گردی کی حمایت اور ایل او سی پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہیں۔

ٹیگس