Nov ۲۲, ۲۰۲۰ ۱۸:۱۰ Asia/Tehran
  • پاکستان, حکومت کے خلاف مولانا کا اعلان جنگ

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کے خلاف اعلان جنگ کر دیا۔

پشاور میں پی ڈی ایم کے چوتھے جلسے سے خطاب میں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ وہ حکومت کے خلاف اعلان جنگ کر چکے ہیں اور میدان جنگ سے پیچھے ہٹنا ان کی نگاہ میں گناہ کبیرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے عوامی جلسوں سے حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ گوجرانوالا سے پی ڈی ایم کے بڑے اجتماعات کا آغاز ہوا اور پشاور کے جلسے نے بقول ان کے, حکومت کے خلاف ریفرنڈم کر دیا اور دھاندلی کے ذریعے بر سر اقتدار آنے والی حکومت کو مسترد کر دیا۔
انہوں نے پاکستانی فوج کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ جو نامعلوم ہے وہ ہم سب کو معلوم ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وہ ملک کی فوج کا احترام کرتے ہیں لیکن فوج سیاست میں مداخلت کرے گی تو پھر اس کو تنقید بھی برداشت کرنا پڑے گی۔
انہوں نے فوج کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ سیاست میں کیوں آتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ہم آپ کو مہلت دیتے ہیں کہ حکومت کی پشت پناہی ترک کر دیں۔
پی ڈی ایم کے پشاور جلسے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب میں دہشت گردی کے تعلق سے عمران خان کی حکومت پر سخت تنقید کی۔
پی ڈی ایم کے پشاور جلسے سے پاکستان مسلم لیگ نون کی نائب صدر، سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز بھی خطاب کرنے والی تھیں لیکن اپنی دادی کے انتقال کی خبر سن کے وہ خطاب کئے بغیر شرکاء سے معذرت خواہی کر کے چلی گئیں۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ، اس سے پہلے سولہ اکتوبر کو گونجرانوالا میں، اٹھارہ اکتوبر کو کراچی میں اور پچیس اکتوبر کو کوئٹہ میں طاقت کا مظاہرہ کر چکی ہے۔

ٹیگس